اداکارہ مدیحہ امام رشتہ ازدواج میں منسلک

05:12 PM, 4 May, 2023

احمد علی
پاکستانی وی جے اور اداکارہ مدیحہ امام شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مدیحہ امام کی شادی یکم مئی 2023 کو ہوئی تھی تاہم انہوں نے گذشتہ روز انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شئیر کرکے اپنے نئے رشتے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے شادی کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری شادی یکم مئی 2023 کو ہوچکی ہے، ہم اپنی زندگی کے نئےسفر کا آغاز کررہے ہیں، ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘۔ اداکارہ نے اپنے نکاح کے وقت سفید رنگ کے لباس کا انتخاب کیا جب کہ دولہے نے بھی سفید رنگ کے پینٹ اور کوٹ کا انتخاب کیا ہے ۔ شادی کی تصاویر میں جوڑا دلکش دکھائی دے رہا ہے، تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مدیحہ نے چاندی کی کڑھائی کے ساتھ لال رنگ کی میکسی اور دوپٹے کا انتخاب کیا ہے جب کہ دولہے نے سفید رنگ کا کُرتا پاجامہ اور کوٹ کا انتخاب کیا ہے۔ ان کا شادی کا جوڑا ڈیزائنر زارا شاہ جہاں کی جانب سے تیار کیا گیا ہے ، جب کہ مدیحہ کی میک اپ آرٹسٹ آنا خان کی جانب سے بھی اداکارہ کی شادی کی ویڈیو شئیر کی گئی ہے ، جس میں اداکارہ انتہائی دلکش نظر آرہی ہیں ۔ جب کہ مدیحہ امام نے اصفرجیولز کی جانب سے ڈیزائن کی گئی جیولری کا انتخاب کیا۔ اداکارہ کی میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے شئیر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں اداکارہ کے شوہر کا نام موجی بصر لکھا گیا ہے ، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ موجی بصر ایک فلم پروڈیوسر ہیں ، نجی ویب سائٹ کے مطابق موجی بصر نے فلم دی سک (the sick) اور لکا چھپی (Lukachuppi) کی پروڈکشن میں کام کیا ہے۔ تاہم انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر اور چند دیگر پوسٹ کے علاوہ انسٹاگرام سے اپنی پرانی تمام تصاویر ڈیلیٹ کرلیں ہیں ۔ مگر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام سے تمام تصاویر کیوں ڈیلیٹ کی ہیں ۔ مدیحہ امام کی پوسٹ پر ساتھی اداکاروں اور مداحوں نے بھی اداکارہ کو شادی کی مبارکباد دی ہے ۔ اداکارہ ماورا حسین نے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ’سادہ اور خوبصورت..ماشاءاللہ۔۔۔آپ کیلئے بہت خوش ہوں انشاء اللہ آپ دونوں کو دنیا کی تمام خوشیاں نصیب ہوں۔‘ اسی طرح عائزہ خان، مومل شیخ سمیت دیگر اداکاروں نے بھی ساتھی فنکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
مزیدخبریں