ویب سیریز ہیرا منڈی پر پاکستان سے "ڈھیروں پیار ملا"، سنجے لیلا بھنسالی

12:01 PM, 4 May, 2024

ویب ڈیسک: انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کے مشہور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ حال ہی میں نیٹ فلکس پر نشر ہوئی ہے جس کے بعد سے اس پر تبصرے سننے میں آ رہے ہیں۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سنجے لیلا بھنسالی نے بتایا کہ اس ویب سیریز پر انہیں پاکستان سے ’ڈھیروں پیار ملا‘ ہے۔

ویب سیریز ہیرا منڈی: ڈائمنڈ بازار کی کہانی پاکستان اور انڈیا کے بٹوارے سے قبل لاہور شہر میں واقع مشہور محلے ہیرا منڈی اور اس میں بسنے والی طوائفوں کے گرد گھومتی ہے جو محبت، طاقت، بدلے اور آزادی کے مسائل کا شکار ہیں۔

انڈین ہدایتکار نے بتایا ’ پاکستان سے مجھے بہت سارا   پیار ملا۔ لوگ اس (سیریز) کا شدت سے انتظار کر رہے تھے اور انہیں انتظار تھا کہ (یہ کہانی) کوئی سنائے۔‘

’یہ ایک ایسی سیریز ہے جو ہم سب کو جوڑتی ہے جب انڈیا ایک ہوتا تھا، جب یہ تقسیم نہیں ہوا تھا۔‘

سنجے لیلا بھنسالی نے سیریز میں کرداروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’یہ لوگ اتنے ہی ہمارے ہیں جتنے ان ( پاکستان) کے ہیں۔ میرے خیال میں ان کا تعلق ہم دونوں سے ہے اور دونوں ممالک سے بہت سارا پیار مل رہا ہے کہ یہ شو بالآخر بن گیا۔‘

’میں اب بھی یہی محسوس کرتا ہوں کہ ہم سب ایک ہیں، ہم بہت سارے طریقوں سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں طرف کے لوگوں کا ایک دوسرے کے لیے بہت پیار ہے، ان چند لوگوں کو چھوڑیں جو مسئلے بنانا چاہتے ہیں لیکن وہ معنی نہیں رکھتے۔‘

ہدایتکار نے تنقیدی رائے ملنے پر کہا کہ لوگ تب ہی تنقید کرتے ہیں جب انہیں کردار میں کچھ ایسا نظر آتا ہے جو انہیں میرے کام سے جوڑتا ہے، اسی لیے پھر بات بھی کرتے ہیں۔

’بہت سے لوگوں کو پسند آتا ہے۔ بہت سے لوگوں کو نہیں پسند آتا۔ اگر وہ میرے کام سے جڑا ہوا محسوس نہیں کرتے اور مجھ پر تنقید کرتے ہیں تو مجھے اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ ہیرا منڈی کی کاسٹ میں فردین خان، منیشا کوئرالہ، سوناکشی سنہا، آدیتی راؤ حیدری، رِیچا چڈھا، سنجیدہ شیخ، شرمِن سیگل اور شیکھر سُمن شامل ہیں۔

مزیدخبریں