اپریل میں شدید بارشیں،63سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

01:25 PM, 4 May, 2024

ویب ڈیسک: ملک میں 1961 کے بعد رواں سال اپریل میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ  کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  اپریل 2024 میں 17 نئے موسمی ریکارڈ قائم ہوئے،اپریل 2024 میں اوسط سے 164 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، 1961 کے بعد اپریل کے مہینے میں سب سے زیادہ بارشیں ہونے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، کچھ علاقوں میں ریکارڈ توڑ بارشیں بھی ہوئیں، 1983 میں 55.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھیں۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہےکہ اپریل 2024 کے مخصوص دنوں میں، خاص طور پر 14 اور 20 اپریل کو، صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع دیر اور مالم جبہ کے علاقوں میں ریکارڈ شدید بارشیں ہوئیں۔مالم جبہ میں پورے مہینے میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، جو کل 520.0 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، دیر میں 14 اپریل کو ایک دن میں 91.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،اپریل کےدوران ضلع دیر میں 461.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  سیدو شریف میں 382.0 ملی میٹر، کالام میں 379.6 ملی میٹر، راولاکوٹ میں 363.8 ملی میٹر، لوئر دیر میں 346.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی،دروش میں 300.4 ملی میٹر، کاکول میں 289.0 ملی میٹر، چترال میں 283.5 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 280.3 ملی میٹر بارش ہوئی،میرکھانی میں 270.0 ملی میٹر، پتن میں 261.0 ملی میٹر، پشاور ایئربیس میں 235.5 ملی میٹر ،پشاور باچا خان ایئرپورٹ میں 220.7 ملی میٹر بارشیں ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ مظفر آباد ایئرپورٹ میں 216.5 ملی میٹر، مظفرآباد میں 216.5 ملی میٹر، مظفرآباد سٹی میں 213.5 ملی میٹر، پشاور سٹی میں 208.8 ملی میٹر اور مری میں 205.5 ملی میٹر بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔

محکمہ موسمیات   کے مطابق اپریل میں سب سے زیادہ مغربی ہواؤں اور لہروں کی وجہ سے بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں،اپریل میں مسلسل تین مغربی لہریں ملک میں داخل ہوئیں،خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے کچھ حصے متاثر ہوئے۔

مزیدخبریں