ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر کے لئے فری میڈیسن ڈلیوری پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف میڈیسن لیکر مریضوں کے گھرخود پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف شادمان کچی آبادی سروسز کوارٹرز کی تنگ گلیوں سے گزر کر رسولاں بی بی کے گھر پہنچیں۔ وزیرا علیٰ مریم نواز شریف کو دیکھ کردل کی مریضہ رسولاں بی بی خوش، جذباتی ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ مریضہ کے ساتھ پلنگ پر بیٹھ گئیں، حال چال پوچھا اور ان کی صحت یابی کی دعا کی۔
رسولاں بی بی نے خوشی سے نہال ہوکر کہا کہ میری بیٹی میرے لیے دوائیاں لیکر خود آئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف شادمان کچی آبادی میں دل کے مریض منور ملک کے گھر بھی گئیں۔ مریم نواز نے ٹی سی ایس رائیڈر کے ساتھ منور ملک کو ادویات پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ نے منور ملک سے بات چیت کی اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
مریض منور ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کا شکریہ، اب ہمیں ہسپتالوں میں دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں سہولت مرکز کا بھی افتتاح کیا۔
انہوں نے ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی رجسٹریشن کے عمل کا دوبارہ باقاعدہ آغاز کیا۔ مریم نواز شریف نے ادویات کا معیار چیک کرنے کے لئے قائم ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کرومیٹو گرافی، ڈرگ ریلیز لیب اور ڈرگ سیمپل ریسونگ ایریا کا بھی دورہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے ہیپاٹائٹس ریفرنس کم پبلک ہیلتھ لیب، ایف ایم صحت زندگی کا دورہ کیا اور ایف ایم صحت زندگی کو پوڈ کاسٹ ریکارڈ کروایا۔
عوام پوڈ کاسٹhttps://www.facebook.com/fmsehatzindagi/پر سن سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو فری میڈیسن ہوم ڈلیوری پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ کو ادویات کی پیکنگ سے لیکر ڈلیوری تک کے عمل سے آگاہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈویلپمنٹ ونگ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں ڈاکٹرز کے لئے وین کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 2 لاکھ مریضوں کو فری ادویات ان کی دہلیز پر دی جائیں گی۔ میں خود بھی چند گھروں میں ادویات لے کر جاؤں گی، 2 ماہ کا اسٹاک گھر پر ڈیلیور کیا جائے گا اور 2 ماہ بعد مریضوں کا دوبارہ معائنہ ہوگا اور اگر دوائیاں دوبارہ شروع کرنا ہوں گی تو پھر اس کا اسٹاک لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گھر پر ادویات ڈیلیور کرنے کا پراجیکٹ نواز اور شہباز شریف نے شروع کیا تھا، اس میں ہیپاٹائٹس، دل کے امراض اور ٹی بی کے مریضوں کو ادویات گھروں پر ڈیلیور کی جاتی تھیں مگر افسوس کہ پچھلے ادوار میں اس سہولت کو بڑھانے کے بجائے اس منصوبے کو ہی ختم کردیا گیا، لوگ مفت ادویات سے محروم ہوگئے، گھر پر ڈیلیوری خواب و خیال بن گئی تھی، تاہم ہم نے اس کو ری لانچ کیا اور اس کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نواز اور شہباز شریف کی رہنمائی میں چلنے کی کوشش کر رہی ہوں، نوازشریف کی بیٹی اور شہبازشریف کی بھتیجی ہونے پر فخر ہے۔ میں پورے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو شاباش دیتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ 5 سال کے بعد ہم جب پنجاب چھوڑ کر جائیں گے تو یہاں کوئی بھی علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا، ہم نے 32 فیلڈ اسپتالوں کو بھی میدان میں اتار دیا ہے، یہ منی اسپتال ہیں۔ نیت خدمت کی ہو تو کنیٹنر کا اس طرح بھی استعمال ہوسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں 200 کے قریب کلینکس آن وہیلز لانچ کریں گے۔ ہم لاہور میں پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر اسپتال بنا رہے ہیں، پنجاب کے ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہوگا۔ ایک سال کے اندر اس کا آؤٹ ڈور شروع کر دینا چاہیے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اچھے منصوبے لاتی ہے لیکن اس کے بعد فتنے لے آتے ہیں یہاں پر، ملک آگے جانے کے بجائے کئی دہائی پیچھے چلا جاتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس قوم کے ساتھ زیادتی اور ظلم ہوتا ہے جب مسلم لیگ (ن) کی سیاست ختم کی جاتی ہے، کوئی بھی وزارت اٹھا کر دیکھ لیں، وہاں کے جو حالات ہیں ہمیں وہاں دوبارہ سے کام شروع کرنا پڑے گا۔ ہم پنجاب میں ایئر ایمبولینس شروع کرنے جارہے ہیں اس کے ذریعے ہم بہت سی قیمتی جانوں کو بچا سکیں گے۔