فولڈ ایبل آئی فون کی پہلی تصویر جاری
04:15 AM, 4 Nov, 2021
امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے جدید ترین خصوصیات کا حامل ایک ایسا سمارٹ فون لانچ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جو ناصرف فولڈ ایبل ہے بلکہ اسے صارفین میک بک کے طور پر بھی استعمال کر سکیں گے۔ سوشل میڈیا صارفین ایپل کی اس نئی پراڈکٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بے صبری سے اس کے مارکیٹ میں آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کمپنی نے ابھی تک یہ نہیں بتایا ہے کہ اسے کب اور کس تاریخ کو متعارف کرایا جائے گا۔ کمپنی نے اپنے نئے آئی فون کی صف جھلک دکھائی ہے لیکن اس کے بارے میں کچھ زیادہ معلومات نہیں دیں۔ لیکن امید ہے کہ اسے دو یا تین سال میں پیش کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ستمبر 2021ء میں ایپل نے ایپل سیریز سیون کی سمارٹ واچ اور آئی فون 13 سیریز کے 4 فونز متعارف کرائے تھے۔ تاہم کمپنی کے شریک بانی سٹیو ووزنیاک نے تسلیم کیا ان پراڈکٹس نے انھیں بالکل متاثر نہیں کیا۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں سٹیو ووزنیاک کا کہنا تھا کہ مجھے نئے اور پرانے آئی فون میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوا۔ آئی فون 13 میں پرانا سافٹ ویئر ہی استعمال کیا گیا ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ کئی صارفین نے بھی شکایت کی تھی کہ ایپل نے مارکیٹنگ کے ذریعے اپنی پراڈکٹس تو بیچ دیں لیکن صارفین کیلئے کچھ نیا نہیں پیش کیا گیا۔