’طالب علموں کو کھیل کے ساتھ تعلیم پر بھی توجہ دینا ہو گی‘
01:30 PM, 4 Nov, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث تعلیم کے شعبے کو بھی نقصان ہوا۔ طالب علموں کو کھیل کے ساتھ تعلیم پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کےذریعے ہی ملک کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان تعلیم کے شعبے پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انٹر زونل میں شرکت کرنے والے تمام طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی ہوتی رہیں گی۔ کورونا کے بعد یہ پروگرام بہتری کی علامت ہے۔ وزیراعظم عمران خان ایسے اسپورٹس ایونٹ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ دوسری جانب اساتذہ نے آن لائن کلاسز کو ناکافی قرار دے دیا. اساتذہ کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسز وبائی صورتحال میں تو کسی حد تک ٹھیک ہیں لیکن آن لائن ایجوکیشن، فزیکل ایجوکیش کا متبادل نہیں۔ کئی شہروں میں نیٹ ورک میسر ہی نہیں ہوتا۔ غریب کنبوں سے تعلق رکھنے والے بچے مطلوبہ اینڈرائڈ موبائل فون رکھنے کی سکت نہیں رکھتے۔ معلمین کہتے ہیں کہ آن لائن کلاس لینے سے استاد کو پتا ہی نہیں چلتا کہ طلباء انہیں ٹھیک سے سن رہے ہیں یا نہیں؟