’دوخاندانوں سے کوئی لڑائی نہیں، دوستی ہوا کرتی تھی‘
04:30 PM, 4 Nov, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ ملانے کا مطلب ان کی کرپشن کو برا نہ ماننا ہے۔ دو خاندانوں سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں، ان سے تو دوستی ہوا کرتی تھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو قوم اچھے اور برے کی تمیز ختم کرتی ہے وہ مرجاتی ہے۔ جب برے کو برا نہ کہیں اسے تسلیم کرلیں مطلب زوال شروع ہوگیا۔ سارے مجھے کہتے ہیں آپ دو بڑے خاندانوں کے پیچھے کیوں پڑے رہتے ہیں میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں بلکہ میری تو ماضی میں ان سے دوستی ہوا کرتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جب دیکھ رہا ہوں کہ کسی نے 5 مرلے کے گھر سے قبضے کر کر کے محل بنا لیا۔ میں صبح سے شام تک کیوں محنت کروں۔ ورک ایتھکس ختم ہو جاتے ہیں۔ وہاں کیوں نہیں کوئی پیسے چلتے جیسے ہمارے ہاں سینیٹ میں لوگ بکتے ہیں۔ مجھے کہتے ہیں وہ اپوزیشن لیڈر ہے آپ ہاتھ نہیں ملاتے اس پر اربوں کے کیسز ہیں۔ میں اس سے ہاتھ ملاؤں تو اس کا مطلب کرپشن بری چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں کبھی کسی سیاستدان پر کرپشن کا الزام ہو تو کوئی اسے ٹی وی پر نہیں بلاتا جب تک وہ خود کو کلیئر نہیں کرتا۔ یہاں اربوں کی کرپشن ہے اور اسمبلی میں دو دو گھنٹے کی تقریریں کر رہے ہیں۔