پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم، فیض آباد میدان جنگ بن گیا

02:14 PM, 4 Nov, 2022

احمد علی
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد میں تصادم جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے کارکنوں نے عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاج کیا اور فیض آباد کے مقام پر مشتعل کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا ہے۔ وفاقی پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جب کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے ۔ فیض آباد پل پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے گرین بیلٹ پر ایک درخت کو آگ لگا دی ہے۔پولیس اور مشتعل مظاہرین کے درمیان شیلنگ اور پتھراؤ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی کی طرف مظاہرین جمع ہیں، مظاہرین غلیلوں اور پتھروں کے ساتھ جمع ہیں، ان مظاہرین میں اسلحہ بردار بھی موجود ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے مظاہرین اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں اور راولپنڈی انتظامیہ سے گذارش ہے کہ مظاہرین کو غیر قانونی عمل سے روکیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس شر پسند عناصر کی نشاندہی کر رہی ہے، راولپنڈی پولیس کی مدد سے قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ مظاہرین میں کم عمر بچے بھی موجود ہیں، والدین اپنے بچوں کو کسی بھی غیر قانونی عمل کا حصہ بننے سے روکیں۔
مزیدخبریں