سکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
04:13 PM, 4 Nov, 2023
سکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، حملے میں ملوث تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے صبح سویرے پاک فضائیہ کے ائیربیس پر حملہ کیا ، جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قیمتی دفاعی اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا اور حملہ ناکام بنا دیا گیا ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے، سیکورٹی فورسز نے غیرمعمولی جرأت اور بروقت ریسپانس کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔ حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا،، پہلے سے گراؤنڈ 3 نان آپریشنل طیارے اور ایک فیول باؤزرمعمولی متاثر ہوئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ائیربیس پر حملہ ناکام بنانےکے بعد ملحقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کیا گیا ، مشترکا کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کے لئے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت چوکس ہیں اورکسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں ۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔