ویب ڈیسک: وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے معالجین نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دے دیا۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں داخل کروا دیا گیا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو گلے کا انفیکشن ہوا، طبی معالجین نے وزیراعلیٰ پنجاب کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کو آج رات لندن کے لئے بھی روانہ ہونا ہے لیکن اب ان کی بیرون ملک روانگی طبی معالجین کی اجازت سے مشروط ہوگی۔
وزیراعلیٰ کی صحت پر مریم اورنگزیب کا بیان:
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلی مریم نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف گزشتہ شب طبعیت کی خرابی پر شریف میڈیکل سٹی آئی تھیں۔ وزیراعلی پنجاب کا تھائیرائیڈ کا چیک اپ ہوا۔
وزیراعلی پنجاب طبعیت ٹھیک ہونے پر کچھ دیر میں شریف میڈیکل سٹی سے گھر روانہ ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مریم نواز کی گلے کے انفیکشن کا علاج کرانے کے لیے 5 نومبر کو لندن روانگی کا امکان ہے جب کہ وہ کافی عرصے سے گلے کے انفکیشن میں مبتلا ہیں، ذرائع کا کہنا تھا گلے میں انفیکشن کے باعث ڈاکٹرز کی ہدایت پر ان کا آپریشن کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا دورہ لندن ایک ہفتے پر محیط ہوگا، وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا، نواز شریف اور مریم نواز لندن سے اکٹھے وطن واپس آئیں گے۔