(ویب ڈیسک ) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ 9 نومبر کو صوابی میں ملک گیر تحریک کا اعلان ہو گا، ساری قوم کو اٹھناہوگا، آزادی اور بانی پی ٹی آئی کی زندگی کے لیے باہر آنا ہوگا۔
سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جب ہم واقعتاً اپنی آزادی حاصل کر سکتے ہیں، اگر ہم اٹھ کر کھڑے نہ ہوئے تو ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے قوم سے التجا کی ہے کہ اب نہیں تو کب، 9 تاریخ کو ایک نئی ابتدا ہو گی، ایک نئی تحریک چلائیں گے جو بانی پی ٹی آئی اور ہماری آزادی پر ختم ہو گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم یوسف کے مطابق سابق وزیر اعظم صحت مند ہیں، انہیں جسمانی تو نہیں البتہ ذہنی اذیت سے دوچار رکھا گیا ہے۔
علیمہ خان نے عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا کے منظر عام پر آنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ وہ کس حالت میں واپس آئے، جو قانون سے اوپر جاچکے ہیں وہ سمجھتے ہیں جس مرضی پر تشدد کرو، یہاں عدالتوں میں تفتیشی آفیسر کو کہا جاتا ہے کہ جھوٹ بولیں سزا نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں لاقانونیت نہ روکی تو لوگ قانون ہاتھ میں لے لیں گے، عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، پرامن احتجاج کرنا ہوگا، جیلوں میں ڈالیں، ہم آئینی حق ضرور استعمال کریں گے۔