(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 9 نومبر کو صوابی میں جلسہ کرے گی جس میں ایک قرارداد منظور کی جائے گی اور پھر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور اس بار ہم ایک ہی دفعہ نکلیں گے۔
پشاور میں سرکاری اسکولوں کی گریجویشن تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس 2 ہیلی کاپٹرز ہیں، ہم پی آئی اے کو خریدنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے اور اگر اس میں کامیاب رہے تو ایئرلائن کا نام پی آئی اے ہی رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، شریف فیملی پی آئی اے کو اونے ہونے دام خود خریدنا چاہتی ہے، خیبر پختونخوا کا بجٹ سرپلس ہے، ہمارا ریونیو 100 فیصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کی وجہ پی ڈی ایم حکومت ہے، ہمارے وقت میں امن و امان کی صورتحال بہتر تھی، اب دوبارہ سے پھیلنے والی دہشتگردی سے ہماری فورسز مقابلہ کررہی ہیں، دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مقابلہ جاری رہے گا۔
مریم نواز کی طبیعت سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں مریم نواز کو اتنا فالو نہیں کرتا، آپ کو ٹینشن زیادہ ہے تو آپ ان کے لیے دعا کریں۔