ویب ڈیسک: سٹاک ایکس چینج میں تیزی کی لہر جاری ہے، جہاں 100 انڈیکس ایک ہزار پوائنٹس سے زائد اضافے کے بعد پہلی بار ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک بار پھر مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی، جہاں کاروبار کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
بینچ مارک 100 انڈیکس میں ایک ہزار پوائنٹس سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد پہلی بار 100 انڈیکس 91 ہزار 800 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 1893 پوائنٹس اضافے کیساتھ 90 ہزار 859 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز 28 اکتوبر کو بینچ مارک کے ایس ای- 100 انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 91 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
اس سے قبل 25 اکتوبر کو بینچ مارک کے ایس ای- 100 انڈیکس ایک ہزار 110 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 90 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا تھا۔