لاہور(ویبڈیسک)گزشتہ روز پنڈورا پیپرز سامنے آنے کے بعد بعض میڈیا چینلوں اور حکومتی ترجمانوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ مریم نواز کے بیٹے کی 5 آف شور کمپنیاں ہیں، اس حوالے سے مختلف سکرین شاٹ بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہے تھے تاہم ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں ہے.
مریم نواز کی جانب سے ان خبروں پر سخت ردعمل دیا گیا ، انکا کہنا تھا کہ جھوٹی خبریں چلانے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی. جنید صفدر نے بھی ان خبروں پر تبصرہ کیا ، انکا کہنا تھا کہ وہ سٹوڈنٹ ہیں اور انکی کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے، انکا صرف ایک بینک اکاونٹ ہے. جنید صفدر نے بھی اپنے متعلق خبریں چلانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے.
واضح رہے کہ پنڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں سامنے آگئیں ہیں، مونس الٰہی، فیصل واوڈا، علیم خان، شوکت ترین ، شرجیل میمن کی آف شور کمپنیاں سامنے آئی ہیں اس کے علاوہ ،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی ٖڈار،وفاقی وزیرخسرو بختیار کے بھائی عمر بختیار کا نام بھی اس فہرس میں شامل ہے، ابراج گروپ کے سی ای او عارف نقوی، ایگزٹ کمپنی کے مالک شعیب شیخ، سابق سفیرعلی جہانگیرصدیقی کی بھی آف شور کمپنیاں نکل آئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز کا خیرمقدم کیا،انہوں نے کہا پنڈورا پیپرز نے اشرافیہ کی ناجائز دولت کو بےنقاب کیا، فہرست میں شامل تمام پاکستانیوں کی تحقیقات کریں گے، جو قصور وار پایا گیا اس کیخلاف ایکشن لیں گے، وزیراعظم نے کہا ناجائز دولت ٹیکس چوری اور بدعنوانی کے ذریعے جمع کی جاتی ہے۔ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے 7ٹریلین ڈالر کی غیرقانونی اثاثوں کی نشاندہی کی تھی.