ہمارا سسٹم ہی اشرافیہ کے لیے بنا ہوا ہے؛ وزیراعظم

09:35 AM, 4 Oct, 2021

حسان عبداللہ

اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست کا ماڈل دنیا کا کامیاب ترین ماڈل ہے، ہمارا سسٹم ہی اشرافیہ کے لیے بنا ہوا ہے.

وزیراعظم عمران خان نے کامیاب پاکستان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ خیال غلط ہے کہ پہلے پیسہ آئے اور پھر خوشحالی آئے گی، ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنے سے ہماری ریاست اٹھ جائے گی، عدالت میں غریب کا طاقت ور سے مقابلہ ہو تو جیت ہی نہیں سکتا، ہمارا سسٹم ہی اشرافیہ کے لیے بنا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیاب پروگرام پر وزیرخزانہ شوکت ترین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں یہ پروگرام74سال پہلے شروع کرنا چاہیے تھا، 74سال پہلے ہم نے بہت بڑی غلطی کی، ہم نے سوچا پہلے پیسہ آئے پھر خوشحالی آئے گی، مدینہ کی ریاست قائم ہونے کے بعد خوشحالی آئی، ریاست مدینہ کا ماڈل ہمارے لیے مشعل راہ ہے. وزیراعظم نے کہا چین نے نچلے طبقے کو اوپر لانے کے بعدترقی کی، ماضی میں غلط معاشی پالیسیاں اپنائی گئیں،یکساں نظام تعلیم کے لیے کسی نے کوشش نہیں کی، ملک میں پہلی بار یکساں تعلیمی نظام متعارف کرایا گیا.

وزیراعظم نے کہا یکساں نظام تعلیم سے ہر طبقہ فائدہ اٹھائےگا، ہمارا سارا نظام ایلیٹ کلاس کے لیے بن چکا ہے، یکساں تعلیمی نظام کے خلاف آوازاٹھانے والوں کو شرم آنی چاہیے، 1700میں ہندوستان کا جی ڈی پی ریٹ 24فیصد تھا.

مزیدخبریں