نوجوت سنگھ سدھو کو گرفتار کر لیا گیا

11:15 AM, 4 Oct, 2021

حسان عبداللہ

نئی دہلی(ویب ڈیسک) نوجوت سدھو کو چندی گڑھ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ نوجوت سدھو کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کانگریس کارکنوں کے ہمراہ گورنر پنجاب کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کر رہے تھے۔

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں اتوار کو ہونے والے تشدد میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت کے خلاف چندی گڑھ میں احتجاج کی قیادت کرنے کے بعد پنجاب کانگریس کے رہنما نوجوت سدھو کو حراست میں لے لیا گیا۔

سدھو نے کانگریس کے کارکنوں کی طرف سے پنجاب کے گورنر کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کی قیادت کی، انہوں نئے کسان مخالف قوانین پر مرکز کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے مرکزی وزیر مملکت اجے کمار مشرا کے بیٹے کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا کہ انہوں نے احتجاج کرنے والے کسانوں پر مبینہ طور پر گاڑی چلائی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں نائب وزیراعلی کے خلاف احتجاج کرنے آئے کسانوں اور بی جے پی کارکنان کے درمیان جھڑپ ہو ئی تھی جس میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ کئی کسان زخمی بتائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب لکھیم پور کھیری کی صورت حال کے پیش نظر علاقے میں انٹرنیٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی کارکنان سے ٹکراؤ کے بعد کافی ہنگامہ ہوا۔ اس ہنگامے کے بعد کسانوں نے بی جے پی کارکنان کی کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

مزیدخبریں