حسن نصراللہ شہید کوحضرت امام حسینؑ کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائیگا

11:55 AM, 4 Oct, 2024

ویب ڈیسک: اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی نمازجنازہ آج ادا کی جائیگی۔ جبکہ ان کو کربلا میں حضرت امام حسینؑ کے پہلو میں  سپرد خاک کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ 

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن نصراللہ کو ان کی شہادت کے ایک ہفتہ بعد آج سپرد خاک کیا جائے گا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تدفین کربلا میں کی جائے گی۔ جہاں ان کی تدفین سے قبل علامتی جنازہ بھی نکالا جائے گا۔ 

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے کے خطرے کے پیش نظر علامتی جنازہ کو پوری طرح سے خفیہ رکھا جائے گا۔ تاہم حالات ٹھیک ہونے کے بعد حسن نصراللہ کے اعزاز میں مذہبی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ دوسری جانب حزب اللہ نے ابھی تک حسن نصر اللہ کے جنازہ کے حوالے سے کوئی معلومات شیئر نہیں کی ہیں۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی وزیراعظم کے مشیر محمد شیعہ السڈانی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ حسن نصراللہ کی کربلا میں روضہ حضرت امام حسینؑ کے پہلو میں تدفین کی جائے گی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کربلا میں تدفین نہ ہونے کی صورت میں ایران کے نجف میں روضہ حضرت علیؑ کے پہلو میں بھی تدفین پر غور کیا جارہا ہے۔ 

یاد رہے کہ عراق کے علاقے جنوبی بغداد میں کربلا کے مقام پر امام حسینؑ کا روزہ مبارک ہے۔ حسن نصراللہ کی شہرت اور ان کے قد کو دیکھتے ہوئے انہیں کربلا میں دفنانے کی خبر ہے۔ 

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نماز جمعہ کی امامت کریں گے:

ایک طرف آج ہی اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوئے حسن نصراللہ کی تدفین عمل میں آئے گی وہیں دوسری طرف ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای جمعہ کی نماز کی امامت کریں گے۔ وہ حسن نصراللہ کی ہلاکت کے بعد پہلی مرتبہ ملک کے عوام سے خطاب کرنے والے ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای وسط تہران میں امام خمینی گراؤنڈ مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کریں گے۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 10.30 بجے حسن نصراللہ کے اعزاز میں ایک جلسہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں