احتجاج رکوانا ہے تو قیدی 804 سےرابطہ کریں،علی امین گنڈا پور

12:02 PM, 4 Oct, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ احتجاج رکوانا ہے تو قیدی نمبر 804 سے رابطہ کریں۔

 تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں راہداری ضمانت کیس کی سماعت کے دوران بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج ہم نے ڈی چوک پہنچنا ہے۔ جتنی بھی رکاوٹیں کھڑی کردیں ہم نے ڈی چوک جانا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ مجھ سے رابطے کا کوئی فائدہ نہیں۔ احتجاج رکوانا ہے تو قیدی نمبر 804 سے رابطے کریں۔ میرا سب کے لیے پیغام ہے کہ آزادی اور آئین کی بالا دستی کے لیے نکلنا ہے۔ راستے بند کرنا معمول ہے۔ ہم راستے کھولیں گے۔

قبل ازیں  وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت درخواست پر سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کی۔

وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے راہداری ضمانت کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، درخواست گزار کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کئے گئے ہیں, درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔

بعد ازاں عدالت نےدرخواست گزار کو 25 اکتوبر تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔عدالت نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی 2 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو 25 اکتوبر تک ضمانت دے دی۔

مزیدخبریں