وفاقی کابینہ کمیٹی نےسول سرونٹ ایکٹ 2024 ترمیم بل کی منظوری دیدی

03:11 PM, 4 Oct, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ کمیٹی نے سول سرونٹ ایکٹ 2024 ترمیم بل کی منظوری دیدی،منظوری کے بعد کسی بھی ادارے کو بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا براہ راست اختیار مل جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق ترمیم  کا مقصد متاثرہ سرکاری ملازمین کے مفادات کا تحفظ،انھیں دوسرے اداروں میں کھپانے یا سرے سے فارغ کرنے کے اثرات سے عہدہ برآ ہونا ہے۔حکومتی اخراجات میں کمی لانے اور ملازمتوں کے ڈھانچے کی ری اسٹرکچرنگ کے نتیجے میں کئی اداروں اور محکموں کو ختم یا انھیں دوسرے محکموں میں مدغم کرنے کا پروگرام ہے۔

ایک ہی نوعیت کے اداروں کوبند کرنے سے ایک اندازے کے مطابق تقریباً 60ہزارملازمین کی ضرورت نہیں رہے گی۔انھیں سرپلس پول میں رکھا جائے گا یا دوسرے اداروں میں ٹرانسفر کردیا جائے گا۔بعض کو صوبائی محکموں میں کھپانے کی گنجائش پیدا کی جا ئے گی۔بہت سے ملازمین کوملازمت سے فارغ بھی کیا جاسکتا ہے۔ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے فارغ ہونے والے ملازمین کو مالیاتی پیکیج دیا جائے گا۔

پنشن میں اضافے یا خاتمے کا اختیارصوبوں سے واپس لے کر وفاق کو دیدیا گیا ہے جبکہ وفاقی حکومت پنشن کے موجودہ فوائد میں کمی یا اضافہ کرسکے گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس ترمیم سے سرکاری ملازمین میں بے چینی بڑھے گی اور معیشت کو بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔سرکاری ملازمین کی رائٹ سائزنگ کیلئے سول سرونٹس ایکٹ میں ترمیم  میں انصاف کے تقاضے مدنظر  نہیں رکھے  گئے۔

مزیدخبریں