ڈی چوک احتجاج، کارکنوں کی پکڑدھکڑ، شہراقتدار میں شیلنگ، گنڈاپور پنجاب میں داخل

04:23 PM, 4 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈی چوک پر احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد مکمل طور پر سیل کردیا گیا، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت ترین ناکہ بندی کی گئی ہے، احتجاج کے باعث کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے، پولیس نے خواتین سمیت متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا جبکہ برہان انٹرچینج اور ڈی چوک میں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ جاری ہے، وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کے قافلے کنٹینرز ہٹا کر ڈی چوک کی جانب بڑھنا شروع ہوگئے۔

ڈی چوک اور فیض آباد میں شیلنگ، کارکنوں کا پتھراؤ

فیض آباد کے مقام پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ کیا جارہا ہے۔ جس کے جواب میں پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی جا رہی ہے۔

اسی طرح ڈی چوک میں پولیس کی شیلنگ جاری ہے۔ ڈی چوک میں پی ٹی آئی کارکن پہنچنے لگے ہیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 

پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے ڈی چوک پر آج احتجاج کرنے جارہی ہے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ پنجاب کے ضلع اٹک کے مقام چھچھ پر پہنچ گیا ہے۔

چھچھ کے مقام پر بند موٹروے پر پڑے کنٹینرز کرینوں کے ذریعے ہٹا دیے گئے، کارکنوں کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پہنچنے کا انتظار ہے جبکہ پنجاب پولیس منظر سے غائب ہے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے سلسلے میں ڈی چوک کی طرف رواں دواں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے قافلے کو روکنے کے لیے موٹر وے پر خندقیں کھود دی گئیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں کا قافلہ موٹر وے سے راولپنڈی کی جانب روانہ ہو چکا ہے۔ اس قافلے کو روکنے کے لیے انتظامیہ کے حکم پر اٹک موٹر وے ایم نائن پر خندقیں کھود دی گئی ہیں جب کہ پولیس نے موٹر وے پر لوہے کے اینگل پھینکنے کے ساتھ کنٹینرز بھی لگا دیے ہیں۔

علی امین گنڈاپور کے قافلے پر شیلنگ

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ برہان انٹر چینج پہنچ گیا۔ علی امین گنڈا پور گنڈا پور کا قافلہ جوں ہی برہان انٹر چینج پہنچا تو پنجاب پولیس کی جانب سے ان پر شیلنگ کی گئی۔

علی امین گنڈاپور کے قافلے کے ساتھ آنے والی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آنسو گیس کی شیلنگ کو غیر موثر کرتی رہیں۔

اس دوران قافلے میں شامل فائر بریگیڈ کی گاڑیوں سے پانی کے پھوار اس طرف چھوڑی گئی جہاں آنسو گیس کے شیل گرے تھے تاکہ شیلنگ کے اثرات کو ختم کیا جا سکے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی خواتین نے ڈی چوک اسلام آباد کا رخ کرلیا۔

خواتین نے ہاتھوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ پولیس نے خواتین کو حراست میں لے لیا۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث شہراقتدار میں شاہراہوں کی بندش کے ماضی کے سب ریکارڈ ٹوٹ گئے، اسلام آباد کو مکمل سیل کردیا گیا۔

راولپنڈی سے آنے والوں کے لیے تو کنٹینر لگائے گئے اسلام آباد کے باسیوں کی نقل حرکت بھی محدود کردی گئی، ریڈ زون سیل، تعلیمی ادارے اور مرکزی شاہراہیں بند، موبائل فون سروس اور میٹرو سروس بھی معطل کردی گئی۔

داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگائے جانے کے باعث گاڑی تو ناممکن جبکہ موٹرسائیکل والے بھی راستے تلاش کررہے ہیں جبکہ جگہ جگہ پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

اعظم سواتی بھی ڈی چوک پہنچ گئے:

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ڈی چوک پر پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکن سمیت کئی افراد کوحراست میں لے لیا۔

اسلام آباد کے داخلی راستے موٹروے چوک ، ٹی چوک ، 26 نمبر چونگی ، فیض آباد اورمری سے آنے والے راستے بند ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، شہریوں سے گزارش ہے کسی بھی غیرقانونی عمل کاحصہ نہ بنیں،امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

فردوس شمیم نقوی کی سب کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت:

موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بند کردی گئی

بُرہان انٹرچینج پر موٹروے کو کھود کر پشاور سے آنے والے تحریک انصاف کے قافلوں کےلیے راستے بند کر دیے گئے۔

راولپنڈی مری روڈاور اطراف کے علاقوں میں بیشتر کاروباری مراکز بند۔ راستوں کی بندش کے باعث شہر کے تمام نجی و سرکاری اسکول بند کردیئے گئے۔ رکاوٹوں کے باعث مسافروں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں