رضوان کی بجائے قومی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان کون؟ 3 نام سامنے آگئے

06:44 PM, 4 Oct, 2024

ویب ڈیسک:بابر اعظم کے وائٹ بال ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد محمد رضوان مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے مگر اب تین نئے نام سامنے آ گئے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم نے گزشتہ دنوں پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور پی سی بی نے یہ استعفیٰ منظور کرتے ہوئے کرکٹر کو سپورٹ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

اس استعفے کے بعد ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں کامیاب کپتانی کے دورانیے کو دیکھتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹیم کے نئے کپتان کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے تھے تاہم اب ذرائع بتا رہے ہیں کہ اس دوڑ میں مزید تین نئے نام شامل ہوگئے ہیں۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے لیے اب جارح مزاج اوپنر فخر زمان، ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا کا نام گردش کررہا ہے،حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی سیریز سے قبل رضوان کی جگہ ٹیسٹ نائب کپتان بننے والے سعود شکیل کو ممکنہ امیدوار کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ اسی طرح پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی کپتانی کرنیوالے فخر زمان کو بھی جارحانہ حکمت عملی کے باعث زیر غور لایا جاسکتا ہے جبکہ سلمان آغا نے تاحال ڈومیسٹک میں کبھی کپتانی نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال ایشیا کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی پر بابر اعظم کے تینوں طرز کی کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد شاہین شاہ کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔

مزیدخبریں