فلسطینیوں کے حق میں  وزیر اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ 

07:49 PM, 4 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے وزیرِ اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ   کرلیا گیا۔

وزیر اعظم  شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد  نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔جس میں  موجود سیاسی جماعتوں نے غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا  ہے۔

غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے وزیرِ اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

ملاقات میں 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے یومِ یکجہتی منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یومِ یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کیلئے کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی گئی۔کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہونگے۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ  7 اکتوبر کو پاکستان بھر میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے اجتماعات و سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں صدر مملک آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف شرکت کریں گے۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹونے فلسطین و غزہ میں جاری نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے حوالے سے یوم یکجہتی پر بھرپور حمایت کی۔

ملاقات میں امیر جماعت اسلامی و وفد نے وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی تقریر میں فلسطینوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کی تقریر کے آغاز پر وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد کے واک آؤٹ کو سراہا۔

مزیدخبریں