کنوارے ہوشیار! شادی کا جھانسا دیکر لوٹنے والی فراڈ دلہن سرگرم

12:36 PM, 4 Sep, 2024

ویب ڈیسک: کشمیر اور راولپنڈی میں غیرشادی شدہ نوجوانوں کو جھانسا دے کر لوٹنے والی فراڈ دلہن اور اہل خانہ پر مشتمل گروہ سرگرم،، پولیس نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔ 

رپورٹ کے مطابق ضلع ہری پور سے تعلق رکھنے والے عظیم حسن کی شادی کو ابھی ایک ہی دن گزرا تھا کہ اُن کی بیوی نے اپنے والد کی خرابی طبعیت کا بہانہ کرتے ہوئے میکے واقع راولپنڈی جانے کی خواہش ظاہر کی۔ جس پر عظیم حسن اپنی بیوی کےساتھ  سفر پر نکل پڑے۔

جب راولپنڈی میں مصریال روڈ پر پہنچے تو بیوی عائشہ بی بی نے شوہر کو کہا کہ وہ قریب ہی ایک گلی میں پھپھو کے گھر پر سامان چھوڑ کر واپس آتی ہیں اور وہ یہیں اس کا انتظار کرے، تاہم طویل انتظار کے بعد بھی بیوی واپس نہیں آئی۔

عظیم حسن وہاں انتظار کرتے رہے مگر ملزمہ واپس نہیں آئی۔ جب عظیم حسن نے ملزمہ کے والد اور خاندان کے دیگر افراد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو سب کے موبائل فون نمبرز بند ملے۔ چند دن تلاش کے باوجود جب ملزمہ اور اُس کے خاندان کے کسی فرد کا پتہ نہ چل سکا توعظیم حسن نے پولیس سے مدد کی درخواست کی۔

پولیس کے مطابق شادی کے ذریعے نوجوانوں کو لوٹنے والا یہ گینگ جعلی دستاویزات کا استعمال کرتا ہے اور مختلف علاقوں میں نوجوانوں کو ہدف بنا کر اُنہیں اپنے جال میں پھنسا لیتا ہے۔ عوام محتاط رہیں۔

مزیدخبریں