’اپوزیشن پہلے ہی دب چکی مزید نہ دبائیں‘

04:18 PM, 5 Apr, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو مزید دبانے کی ضرورت نہیں، وہ پہلے ہی دب چکی۔ ترجمان حکومتی کارکردگی کو بیانیہ بنا کر عوام کے سامنے پیش کریں۔ عوام کو بتائیں کہ ٹیکس محصولات نے ریکارڈ توڑ دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں شیخ رشید، مراد سعید، شبلی فراز، فواد چودھری، حماد اظہر، اعجازچوہدری و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاشی اعشاریوں، رمضان پیکیج اور شوگر اسکینڈل پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمانوں نے گھبرانے کی اجازت مانگنے والی خاتون کی کال کا تذکرہ چھیڑ دیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! آپ نے گھبرانہ نہیں والی کال سنی اور تسلی سے جواب دیا۔ آپ نے عوام سے منسلک ہو کر دل جیت لیا۔ آپ جو بھی بات کر رہے تھے، حقیقت پسندانہ بات تھی۔ لوگ آپ کو سننا چاہتے ہیں، امید ہے یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے ڈھائی سالہ کارکردگی کو حکومت کا بیانیہ قرار دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ترجمان حکومتی کارکردگی کو بیانیہ بنا کر عوام میں پیش کریں۔ اب کوئی چینی کا ناجائز منافع خور اور سٹے باز نہیں بچ سکےگا۔ اب عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

عمران کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مزید دبانے کی ضرورت نہیں، وہ پہلے ہی دب چکی۔ عوام کو بتائیں کہ ٹیکس محصولات نے ریکارڈ توڑ دیا۔ تمام معاشی اشاریے درست سمت میں ہیں۔ زیادہ ٹیکس جمع ہو گا تو عوام کی زندگیاں آسان بنانے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نے حماد اظہر کو معاشی اشاریوں کی سمری ترجمانوں کو دینے کی ہدایت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ رمضان میں چیزیں سستی ہوں گی۔

مزیدخبریں