آئین توڑنا سرپرائز نہیں غداری ہے، بلاول

11:37 AM, 5 Apr, 2022

احمد علی
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین توڑنا سرپرائز نہیں غداری ہے، آئین شکنی کوئی مذاق نہیں، وزیراعظم آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں اور تحریک عدم اعتماد سے بھاگے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک دوسرے افراد کا مؤقف بھی سامنے آئے کیونکہ اس اجلاس کے نتیجے میں وزیر اعظم عمران خان کہہ رہے ہیں کہ پارلیمان کے ستر فیصد (197 اراکین) غدار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اجلاس کا جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس میں کسی بیرونی سازش کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کے غیر سیاسی فورم کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی جو افسوسناک ہے، ہم چاہتے تھے کہ ایک آئینی طریقے سے حکومت کا خاتمہ ہو، ہم صاف و شفاف انتخابات کے لیے تیار ہیں لیکن اگر ہم آئین شکنی کر کے انتخابات کی جانب بڑھے تو کوئی صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد پر یقین نہیں کرے گا۔ بلاول نے مزید کہا کہ اس حکومت کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران پیدا ہوا، ہر پاکستانی بیروزگاری، غربت اور مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے، آج عمران خان جشن منا رہے ہیں کل انھیں پتا لگے گا کہ ہم نے ان کی حکومت گرا دی ہے۔
مزیدخبریں