الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کروانے کا فیصلہ
05:06 PM, 5 Apr, 2023
اسلام آباد: الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم پر 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو ہوں گے، کاغذات نامزدگی میں اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہو گی۔ جاری اعلامیے کے مطابق اپیلیٹ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلے 17 اپریل تک کرے گا اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 18 اپریل کو جاری ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینےکی آخری تاریخ 19 اپریل ہوگی جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 20 اپریل کو جاری ہوں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دے دیا تھا اور پنجاب میں 14 مئی کو پولنگ دوبارہ کروانے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور کے پی میں الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جاتا ہے.