’پاکستان پورے عزم سے کشمیر کا مقدمہ لڑتا رہے گا‘

09:00 AM, 5 Aug, 2021

احمد علی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت سرکار کی بربریت آر ایس ایس (RSS) کے ہندوتوا نظریے کی مرہونِ منت ہے۔ ہندوستان آج تمام عالمی قواعد و قوانین پامال کرتے ہوئے اپنی بد معاشیوں اور ریاستی دہشت گردی سے خطے کا استحکام تباہی کے گھاٹ اتار رہا ہے۔ یوم استحصال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کےیکطرفہ و غیرقانونی بھارتی اقدامات کو آج 2 برس بیت چکےہیں۔ان دو برسوں کے دوران دنیانےکشمیرمیں قابض بھارتی فوجوں کی جانب سےجبر کا بدترین مظاہرہ دیکھا۔ اہلِ کشمیر کا تشخص تباہ کرنے اور بزورِ قوت آبادی کا تناسب بدلنے کی بھارتی کوششیں بھی دنیا کے سامنے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ تمام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں، انسانی حقوق کی پے در پے پامالیوں، جنہیں عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بہترین اندازمیں مرتب کیا اور بے رحم عسکری محاصرے کے باوجود اہلِ کشمیر کے پایہ استقامت میں لغزش برپا نہ ہوئی اور وہ حقِ خودارادیت کی اپنی جدوجہدمیں پوری طرح ثابت قدم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قرادادوں میں تسلیم کردہ اپنے حقوق (جنہیں کسی طور غصب نہیں کیا جا سکتا) کے حصول کی پرعزم اور منصفانہ جدوجہد کی راہ میں قربانیاں پیش کرنے پر اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اہلِ کشمیر کی آواز عالمی سطح پر بلند کی ہے اور جب تک انہیں سلامتی کونسل کی قرادادوں کی روشنی میں اپنے مستقبل کے تعین کی اجازت نہیں ملتی میں یہ کرتا رہوں گا۔ پاکستان بھی پورے عزم و استقلال سے اہلِ کشمیر کا مقدمہ لڑتا رہے گا اور کشمیریوں کی یہ جدوجہد بار آور ہوگی، انشاءاللہ۔
مزیدخبریں