سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا سے شہداء کے لواحقین کو بہت دکھ ہوا، میجر جنرل بابر افتخار
04:29 PM, 5 Aug, 2022
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ یکم اگست کے بعد سے ہم سب کرب سےگزر رہے تھے، حادثے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا گیا، جس کے باعث بہت دل آزاری ہوئی، شہداء کے لواحقین کو اس سے بہت دکھ ہوا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یکم اگست کو ہیلی کاپٹر کا افسوسناک حادثہ ہوا، ہیلی کاپٹر فلڈ ریلیف کی کارروائیوں میں مصروف تھا، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی فلڈ ریلیف کی نگرانی کر رہے تھے، لسبیلہ کے قریب موسم کی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، قوم کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع ہوجاتا ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے، ایسے عناصر کو مسترد کرنے کی ضرورت ہے، بے حسی کا رویہ نا قابل قبول ہے، ہر سطح پر اس کی مذمت ہونی چاہیے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ایمن الظواہری واقعے پر وزارت خارجہ نے بہت واضح بیان جاری کر دیا ہے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ پاکستان کی زمین استعمال ہوئی ہو، بےجا قسم کا بیان دیا جاتا ہے، جس کے کوئی ثبوت نہیں، وزارت خارجہ کی وضاحت کے بعد کسی بیان کا تُک نہیں بنتا۔