سری لنکن منیجرکو بچانےکی کوشش پر ملازم کیلئے تمغہ شجاعت کا اعلان
03:00 PM, 5 Dec, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملازم ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم نے ٹوئٹ کیا کہ قوم کی جانب سے پریانتھا کمار کو بچانے والے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ملک عدنان نے پریانتھا کو بچانے کے لیے اپنی جان داؤ پر لگادی، ہم انہیں تمغہ شجاعت سے نوازیں گے۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کے واقعے میں گرفتار 13 مرکزی ملزمان کو ایک روزہ سفری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا، ملزمان کو کل گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کیس میں اب تک 13 مرکزی ملزمان سمیت 124 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پنجاب پولیس کےترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل ڈیٹا سے 12 گھنٹوں میں مزید 6 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔