بالی وڈ کے سب سے پاپولر اسٹار کون ؟فہرست سامنے آگئی

01:00 PM, 5 Dec, 2024

ویب ڈیسک : فلموں کے ڈیٹا بیس کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی نے رواں سال کے سب سے مشہور انڈین فلمی ستاروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔حیران کن طور پر اس فہرست میں پہلے نمبر پر نہ تو دپیکا پاڈوکون ہیں اور نہ ہی شاہ رخ خان یا عالیہ بھٹ بلکہ رواں برس سب سے زیادہ شہرت حاصل کرنے کا اعزاز اداکارہ ترپتی ڈمری کو جاتا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق آئی ایم ڈی بی نے اس فہرست کو اپنے ماہانہ 25 کروڑ سے زائد ویب سائٹ وزیٹرز کے پیج ویوز کو دیکھنے کے بعد جاری کیا ہے۔

  ترپتی ڈمری نے گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’اینیمل‘ سے شہرت حاصل کی جس میں رنبیر کپور کے ساتھ اُن کے کردار کو بے حد پسند کیا گیا۔

رواں سال اُن کی تین فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں بیڈ نیوز، وکی وِدیا کا وہ والا ویڈیو اور بھول بھلیاں تھری شامل ہیں۔

آئی ایم ڈی بی کے لسٹ میں پہلے نمبر پر آنے کے بعد اپنے بیان میں اداکارہ نے کہا کہ ’اس فہرست میں پہلے نمبر پر آنا واقعی ہی ایک اعزاز ہے۔ یہ اعزاز ملنا مداحوں کی شاندار سپورٹ اور جن کے ساتھ میں نے مل کر کام کیا ہے اُن کی محنت کی عکاسی کرتا ہے۔‘

اس لسٹ میں دوسرے نمبر پر آنے والی اداکارہ دپیکا پاڈوکون ہیں جبکہ تیسرا نمبر اداکار اِشان کھٹر کا ہے۔

رواں برس دپیکا پاڈوکون کی تین فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں فائٹر، کلکی 2898 اے ڈی اور سنگھم اگین شامل ہے۔

اسی طرح اِشان کھٹر انٹرنیشنل ٹی وی سیریز دی پرفیکٹ کپل میں نکول کڈمین، لیو شریبر اور اِیو ہیوسم کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

اس فہرست میں بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پانچواں نمبر سوبھیتا دُھلی پالا اور چھٹا نمبر شرواری کا ہے۔

ساتویں نمبر پر ایشوریا رائے، آٹھویں نمبر پر سمانتھا، نویں نمبر پر عالیہ بھٹ اور دسویں نمبر پر پربھاس موجود ہیں۔ 

مزیدخبریں