بحریہ ٹاؤن کا دبئی میں بین الاقوامی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان

05:05 PM, 5 Dec, 2024

ویب ڈیسک: بحریہ ٹاؤن (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے دبئی میں ایک بڑا بین الاقوامی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق بی ٹی پراپرٹیز اور دبئی ساؤتھ کے درمیان دبئی میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے جس کے تحت دبئی ساؤتھ کے گالف ڈسٹرکٹ میں ایک عظیم الشان  تعمیراتی و کمرشل  ڈسٹرکٹ تعمیر کیا جائے گا۔

یہ معاہدہ دبئی ایوی ایشن سٹی کارپوریشن اور دبئی ساؤتھ کے ایگزیکٹو چیئرمین خلیفہ الزفین اور بحریہ ٹاؤن کے سی ای او احمد علی ریاض ملک کے درمیان ہوا۔ اس موقع پر دبئی ساؤتھ پراپرٹیز کے سی ای او نبیل الکِندی، بحریہ ٹاؤن کے بانی اور چیئرمین ملک ریاض حسین اور دونوں اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یاد رہے دبئی ساؤتھ امارات کا سب سے بڑا ماسٹر پلانڈ شہری منصوبہ ہے، جو ملے جلے  استعمال اور رہائشی کمیونٹیز پر مشتمل ہے۔ یہ علاقہ المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منسلک ہے جہاں پر دنیا کے سب سے بڑے ائیر پورٹ کی تعمیر جاری ہے۔ 

بی ٹی پراپرٹیز کے اس وسیع وعریض عظیم الشان منصوبے  میں ولاز، ٹاؤن ہاؤسز، اپارٹمنٹس، تعلیمی سہولیات، اسپتال، کمرشل اسپیس، مساجد، اور تفریحی مقامات شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ اس میں ہریالی، پانی کی نہریں، ایک مرکزی پارک، ڈانسنگ فاؤنٹینز، یادگار تعمیرات، کشادہ شاہراہیں اور دیگر پرکشش خصوصیات شامل ہوں گی، جو ایک مثالی پرسکون و جدید ترین  زندگی فراہم کریں گی۔

معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے دبئی ساؤتھ کے ایگریکیٹیو چئیرمین خلیفہ الزفین نے کہا، “ہم ایشیا کے ایک معتبر ترین ڈویلپر کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط کرنے پر بہت خوش ہیں دبئی ساؤتھ مستقبل کا شہر بننے کے لیے تیار ہے، اور اس علاقے میں جائیدادوں کی بڑھتی ہوئی طلب اس کی بے پناہ صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔”

بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران کہا، “ دبئی کی تیز رفتار ترقی اور عالمی شہرت کے پیش نظر، یہ پراجیکٹ ہمارے بین الاقوامی توسیعی منصوبوں کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے۔ ہم دبئی ساؤتھ کے ساتھ مل کر ایک ایسا ماسٹر پروجیکٹ لانچ کرنے پر خوش ہیں جو جدید اور ترقی پسند کمیونٹی کے تصور کو زندہ حقیقت میں بدلے گا”

مزیدخبریں