پتوکی: صرف 24 گھنٹوں میں چوری اور ڈکیتی کی 4 وارداتیں

10:41 AM, 5 Feb, 2021

احمد علی

پتوکی (پبلک نیوز) پتوکی شہر اور گردونواح میں ڈاکو بے لگام ہو گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چوری اور ڈکیتی کی 4 وارداتیں سامنے آئی ہیں، شہری موٹرسائیکل، موبائل فونز اور لاکھوں روپے نقدی سے محروم۔

تفصیلات کے مطابق پتوکی تحصیل بھر میں چوری اور ڈکیتی کی 4 وارداتیں سامنے آئی ہیں، حبیب آباد میں دن دیہاڑے 4 موٹر سائیکل سوار مسلحہ ڈاکو ہول سیل کی دوکان میں موجود افراد کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فاٸرنگ کرتے ہوئے با آسانی فرار ہو گئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

حبیب آباد کے تاجروں نے جی ٹی روڑ کو بند کر کے احتجاج بھی کیا، ڈکیتی کی دوسری واردات ہجرائے کلاں میں پیش آئی ہے جہاں پر ڈاکو شہری سے موٹرسائیکل اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے اور تیسری واردات پتوکی بھیڈیاں میں ایک کلینک پر پیش آئی ہے جہاں پر 3 موٹر سائیکل سوار مسلحہ ڈاکو 55 ہزار روپے نقدی اور 3 عدد موبائل فون لوٹ کر فرار ہوئے۔

جبکہ چوتھی واردات میں پتوکی بدر کالونی سے ایک بجلی کا ٹرانسفارمر چوری کر لیا گیا ہے، شہریوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں