پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا: دفتر خارجہ
03:59 AM, 5 Feb, 2022
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں فوج اور پولیس کے محاصرے کے باعث انسانی حقوق اور سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل عام مسلسل جاری ہے۔ شاید ہی کوئی دن گزرتا ہو کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کسی جعلی مقابلے، محاصرے یا تلاشی کے نام پر آپریشن کی کوئی خبر نہ آتی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یکم جنوری سے اب تک جنگل کے قانون والے مقبوضہ خطے میں چوبیس کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کے غیرقانونی قبضے میں گھرے کشمیریوں کو بے رحمانہ کارروائیوں اور عقوبت خانے سے نجات دلانے کیلئے اقدام کرنے چاہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کیلئے استقامت کے ساتھ پرامن جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو بڑے پیمانے پر جاری ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالی سے روکنا چاہیے۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا جموں وکشمیر کے مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔