ویب ڈسک: لائم لائٹ میں آنے کے لیے اپنی موت کی خبر پھیلانے والی پونم پانڈے کو پبلیسٹی اسٹنٹ بھاری پڑ گیا ، مقدمہ کے اندراج کے لئے تھانے میں درخواست ۔
تفصیلات کے مطابق ایک جانب اس کے مداح اور فلم و ٹی وی انڈسٹری کے لوگ اس کے خلاف مورچہ کھولے ہوئے ہیں تو وہیں اب ’آل انڈین سینے ورکرس ایسوسی ایسشن‘ کی جانب سے پونم پانڈے کے خلاف پولیس سے سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب ایڈووکیٹ علی کاشف خان دیشمکھ نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے پونم پانڈے کی منیجر نکیتا شرما اور Hautterfly نامی ایجنسی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 471، 420، 120بی اور 34 کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی دراخواست داخل کی ہے۔
’آل انڈین سینے ورکرس ایسوسی ایشن‘ نے ممبئی پولیس کو ایک مکتوب لکھا ہے۔ خط کے مطابق ایسوسی ایشن نے پولیس سے پونم پانڈے کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔
’سروائیکل کینسر‘ کی وجہ سے پونم پانڈے کی موت کی جھٹی خبر نے انڈین فلم انڈسٹری کو صدمے میں ڈال دیا تھا۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ جعلی خبر ماڈل اور اداکارہ پونم پانڈے نے ایک پبلسٹی اسٹنٹ کے لیے پھیلائی تھی، جس کی تصدیق ان کے منیجر نے کی ہے۔ اس جعلی خبر نے ان تمام ہندوستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جنہوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے پبلیسٹی پرموشن کے لیے جھوٹی خبر پھیلانے کے لیے پونم پانڈے اور اس کے مینیجر دونوں کے خلاف برائے مہربانی ایف آئی آر درج کی جائے۔‘‘