جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سے آنے جانےوالےمسافر گرفتار

12:36 PM, 5 Feb, 2025

ویب ڈیسک: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر اٹلی سے آنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلا ت کے مطابق جعلی دستاویزات کی بنیاد پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت محمد ارشد کے نام سے ہوئی،ملزم بین الاقوامی پرواز کے ذریعے اسلام آباد ائرپورٹ پہنچا تھا۔ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والا پاسپورٹ جعلی نکلا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم 2 سال قبل غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ گیا تھا،ملزم نے یورپ سے پاکستان واپس آنے کے لئے ایجنٹوں سے مذکورہ پاسپورٹ حاصل کیا، جعلی پاسپورٹ کی بنیاد پر ملزم کو ائرپورٹ سے گرفتار کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنیوالامسافر گرفتار 

 ایف آئی اے امیگریشن نے فیصل آباد ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار مسافر کی شناخت محمد شہزاد عاصم کے نام سے ہوئی۔

وزارت داخلہ اور ایف آئی اے امیگریشن ہیڈکوارٹرز کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن فیصل آباد ائیرپورٹ محمد ہاشم رضا نے امیگریشن چیکنگ سخت کرنے کے احکامات دے رکھے ہیں۔انسپکٹر عدنان اسلم کی ٹیم نے  امیگریشن کلیرینس کے دوران مسافر کو مشکوک پایا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم بین الاقوامی پرواز سے یونان جارہا تھا۔ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والا یونان کا ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا۔ملزم کے پاسپورٹ پر امیگریشن کی جعلی اسٹمپس بھی لگی ہوئی تھی۔مذکورہ اسٹمپس کا آئی بی ایم ایس سسٹم میں کسی قسم کا سفری ریکارڈ موجود نہ تھا۔ملزم بیرون ملک جانے کے لئے 3 ایجنٹوں سے رابطے میں تھا۔

ملزم نے ایجنٹوں سے بیرون ملک جانے کے لئے مجموعی طور پر 35 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا گیا۔

انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

دوسری جانب انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کو مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیاگیا ہے،ایف آئی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کو مطلوب ملزم سیالکوٹ سے گرفتارکیاگیا۔ملزم غلام حیدر لیبیا سے فلائٹ جی نائن 552 سے پاکستان پہنچا۔ملزم دو سال سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کو مطلوب تھا۔

ایف آئی اے  کا کہنا ہےکہ ملزم نے بیرون ملک بھیجنے کےنام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورے ،ملزم کو مزید تفتیش کیلئے کراچی ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

گداگری کیلئےمسافر کی سعودی عرب جانےکی کوشش ناکام

ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گداگری کیلئے مسافر کی سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام کو ناکام بنادیا ہے،ملزم کی شناخت محمد عثمان کے نام سے ہوئی اور تعلق کندھکوٹ سے ہے،ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا نام 'اسٹاپ لسٹ' میں شامل تھا۔ملزم کو اس سے قبل گداگری میں ملوث ہونے پر سعودی عرب سے ڈیپورٹ کیا گیا تھا۔

ملزم کو  مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر کراچی زون کا کہناہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے،گداگری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے،انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

پشاور سے شارجہ جانے والےمسافر سے آئس ہیروئن  برآمد 

ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے پشاور ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز کے مسافر سے 2 کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن  برآمد کرلی، مسافر گل سعود نے  آئس ہیروئن  بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔سامان کی تلاشی پر 2.007 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرکے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملک کے تمام ائرپورٹس پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تمام ائرپورٹس پر مشکوک سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات اور دھوکہ دہی سے بیرون ملک جانے والے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،شہریوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ اپنی سفری دستاویزات غیر متعلقہ لوگوں کے حوالے نہ کریں۔ویزا حصول کے لئے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا نامزد کردہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں