ٹوبہ ٹیک سنگھ: گھر میں آتشزدگی، پانچ بچیوں سمیت 7 افراد جھلس کر جاں بحق
05:16 AM, 5 Jan, 2022
ٹوبہ ٹیک سنگھ: (ویب ڈیسک) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک گھر میں آگ لگنے سے پانچ بچیوں سمیت 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈز کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو کا عمل شروع کیا۔ تاہم گھر بری طرح جھلسنے کی وجہ سے کسی کو بچایا نہ جا سکا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں میں پیش آیا۔ آتشزدگی کے واقعے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 5 بچیاں شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں نے ایمبولینسوں کے ذریعے جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔ پولیس واقعہ کی مختلف پہلوئوں پر تفتیش کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔