بلال یاسین پر حملہ کرنے والا ملزم منظر عام پر آگیا
06:32 AM, 5 Jan, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین پر حملہ کرنے والا ملزم منظر عام پر آ گیا ہے۔ ملزم کا نام ساجد سکوں والا بتایا جا رہا ہے۔ ملزم نے واردات کی تمام تفصیلات پولیس کو بیان کردیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والا ملزم ساجد سکوں والا سی آئی اے کوتوالی تھانے میں پیش ہو گیا ہے۔ ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں انکشاف کیا کہ اس کو 29 دسمبر کو لائسنس پر دو پستول لے کر دئیے گئے تھے۔ دوسری جانب پولیس کی تفتیشی ٹیم نے موہنی روڈ کے اطراف سے سینکڑوں کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔ کیمروں کے ڈی وی آرز فرانزک آڈٹ کے لئے بھجوا دئیے گئے ہیں جبکہ حملہ آوروں کے فرار کا ڈیجیٹل نقشہ بھی تیار کیا جا چکا ہے۔ لاہور پولیس کے مطابق بلال یاسین پر حملہ کرنے والوں کو اسلحہ افضل پٹھان نے فراہم کیا تھا، پولیس نے اسے گرفتار کرکے اس کا بیان بھی قلمبند کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ جیو فینسنگ کے بعد چھ مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین کو لاہور کے علاقے موہنی روڈ پر قاتلانہ حملے میں زخمی کر دیا گیا تھا۔ تاہم بروقت ہسپتال پہنچانے سے ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی کوشش کی جو کامیاب ہو گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے اس حملے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا تھا۔