پاکستانی پائلٹس اور ائیر لائنز پر عائد انٹرنیشنل پابندیاں ختم
07:58 AM, 5 Jan, 2022
مونٹریال: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (اکاؤ) نے پاکستانی پائلٹس اور ائیر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اکائو کی جانب سے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کو خط لکھ کر پابندیوں کے خاتمے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی آرگنائزیشن نے اپنے تمام سیفٹی اعتراضات واپس لیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے۔ یہ پابندیاں ختم ہونے کے بعد قومی ائیر لائن ( پی آئی اے) سمیت تمام پاکستانی ائیر لائنز پر امریکا، برطانیہ اور یورپ کے سفر کیلئے عائد پابندیاں بھی ختم ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی پر پائلٹوں کو لائسنس جاری کرنے کی پابندی بھی ہٹا لی گئی ہے۔ اب پاکستانی پائلٹس کیلئے امتحانات منعقد کئے جا سکیں گے جبکہ پاکستانی پائلٹوں پر بیرون ممالک پروازوں کیلئے عائد پابندیاں بھی ختم ہو جائیں گی۔ اس اہم خبر پر بات کرتے ہوئے سول ایوی ایشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ اکاؤ کی جانب سے پابندیاں اٹھانے کے بعد پروازوں کی بحالی کیلئے برطانیہ اور یورپی یونین کی سول ایوی ایشنز کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں۔ ان کی جانب سے بھی جلد ہی مذاکرات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے پابندیاں ختم ہونے کے بعد ہم جلد ہی اپنی بین الاقوامی پروازیں شروع کر سکیں گے۔