کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، فواد چوہدری
02:40 PM, 5 Jan, 2022
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ غازی ملت سردار ابراہیم کی کشمیر کاز کے لئے بے شمار خدمات ہیں۔ پی ٹی وی نیوز سینٹر میں غازی ملت سردار ابراہیم کی تصویر کی نقاب کشائی کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کے لئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان نے کشمیر کے لئے خون دیا ہے اور جنگیں لڑیں ہیں۔ پاکستان سیسہ پلائی دیوار کی طرح کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارے قبرستان کشمیری شہداء کی خوشبو سے مہک رہے ہیں۔ کشمیری یہ سمجھتے ہیں کہ الحاق پاکستان تک ان کی جدو جہد جاری رہے گی۔ پاکستان اور کشمیری عوام محبت کے گہرے رشتے میں جڑے ہیں۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہے۔ اقوام عالم بھی کشمیری عوام کے حق آزادی کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی کاز کی حمایت کریں۔