برطانیہ منی لانڈرنگ کے سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے

06:08 AM, 5 Jul, 2022

احمد علی
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے۔ دولت کی اس غیر قانونی ترسیل سے عالمی سطح پر معاشی ناہمواریوں کو فروغ ملتا ہے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچئن ٹرنر کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے منی لانڈرنگ کے ذریعے غریب ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک کی ضرورت پر زور دیا جبکہ امیر ممالک کی جانب سے غریب ملکوں سے دولت کی غیر قانونی ترسیل کا سلسلہ بند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت بھی اجاگر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فیکٹائی پینل اپنی رپورٹ میں اس معاملے کی نزاکت اجاگر کر چکا ہے۔ سرمائے کی یہ غیر قانونی ترسیل غریب ممالک کے باشندوں میں ہجرت کے رجحان کو ابھارتی ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ غریب ممالک سے امیر ملکوں کی جانب ہجرت خود ترقی یافتہ ممالک کیلئے بڑے چیلنجز پیدا کرتی ہے۔ عدل وانصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے موثر انسداد کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت اس باب میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے میزبانی پر چیئرمین تحریک انصاف سے اظہارِ تشکر کیا گیا۔
مزیدخبریں