لاہور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا
01:34 PM, 5 Jul, 2022
لاہور: لاہور ہاٸی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں کے بارے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے 13 صفحوں پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کا حکم فوری طور پر الیکشن کمیشن کو جاری کرے تاکہ اس پر جلد عمل ہو۔ لاہور ہائیکورٹ نے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے دو جون کا فیصلہ آٸین اور قانون کے مطابق نہیں لہذا اس کی کوٸی حیثیت نہیں۔عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کی ترجیحی لسٹ کے مطابق نوٹیفیکیشن جاری کرے۔ آئین میں کسی ممبر کی ڈس کوالیفیکیشن کے بعد مخصوص نشست کا طریقہ کار موجود ہے۔ خیال رہے کہ زینب عمیر کی طرف سے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور سیمل یعقوب کی طرف سے علی ظفر ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن جاری نہ کرے کے عمل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پانچ مخصوص نشستوں پر نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی تحریک انصاف کی درخواست 27 جون کو منظور کی تھی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کی طرف سے بھی الیکشن کمیشن میں فیصلے کی کاپی پیش کردی گئی، یہ کاپی پارٹی وکلا نےچیف الیکشن کمشنر کو پیش کی. ذرائع کے مطابق پانچ مخصوص نشستوں کو جلد نوٹیفائی کرنے کی درخواست کردی گئی.