مفت بجلی کا اعلان؛ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کر لیا

02:33 PM, 5 Jul, 2022

احمد علی
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے پنجاب میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کرکے 7 جولائی کو جواب طلب کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مذکورہ نوٹس وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کے 'روشن گھرانہ پروگرام' کے تحت بجلی صارفین کے لیے 100 یونٹ سبسڈی ریلیف پیکج کے حوالے سے دیا ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ریلیف پیکج کا اعلان 4 جولائی 2022 کو کیا تھا جبکہ الیکشن شیڈیول 25 مئی 2022 کو جاری کیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 20 حلقوں میں انتخابات کے شیڈیول کا اعلان 25 مئی کیا تھا۔ یہ وہ 20 اراکین تھے جنھیں پارٹی پالیسی کے خلاف شہباز شریف کو وزارت اعلیٰ کا ووٹ دینے پر نااہل کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی خالی کردہ نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی سرکاری عہدیدار، منتخب نمائندہ یا حکومتی عہدیدار الیکشن شیڈیول کے اعلان کے بعد ان حلقوں میں کسی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف نے منگل کو اس معاملے پر نوٹس لینے کے لیے سپریم کورٹ کو خط بھی لکھا ہے۔ حمزہ شہباز کی طرف سے یہ خط فواد چوہدری نے لکھا ہے۔
مزیدخبریں