برطانوی انتخابات میں کئی مسلم امیدواروں نے بھی کامیابی سمیٹ لی

02:01 PM, 5 Jul, 2024

ویب ڈیسک: برطانیہ میں عام انتخابات ختم ہوچکے ہیں اور اب نتائج کے مطابق لیبر پارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جس کے بعد اب خبر سامنے آئی ہے کہ لیبر پارٹی کے کئی مسلم امیدواروں نے بھی میدان مار لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق برمنگھم کے علاقے لیڈی وڈ میں لیبر پارٹی کی شبانہ محمود 15 ہزار 552 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئی ہیں۔ برمنگھم ہی کے علاقے ہال گرین اینڈ موسلی سے طاہر علی برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ لیبر پارٹی کے ہی عمران حسین بھی بریڈ فورڈ ایسٹ سے کامیاب ہوئے ہیں۔

گلاسگو کے علاقے ساؤتھ ویسٹ سے زبیر احمد کو کامیابی ملی ہے جبکہ بیڈ فورڈ میں محمد یاسین بھی برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 2021 کی مردم شماری میں انگلینڈ اور ویلز میں مسلمانوں کی آبادی کی شرح 6.5 فیصد تھی۔ اسکاٹ لینڈ میں مسلمانوں کی آبادی ایک لاکھ 19 ہزار 872 ہے۔ جو مجموعی آبادی کا 2.2 فیصد بنتی ہے۔ برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈ فورڈ جیسے شہروں کا شمار برطانیہ کے ان علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں مسلمان ووٹروں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جو پارلیمان تحلیل کی گئی، اس میں مسلم اراکین کی تعداد 19 تھی۔ امکان ہے کہ منتخب ہونے والے دارالعوام کے نئے ارکان میں مسلمان سیاستدانوں کی تعداد اور زیادہ ہوجائے گی۔

برطانیہ کی مسلم کمیونٹی نے ’ مسلم ووٹ‘ کے نام سے دسمبر 2023ء میں ایک مہم شروع کی تھی، جس کا مقصد مقامی مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے پر آمادہ کرنا تھا۔

مزیدخبریں