لاہوریوں کیلئے خوشخبری ، شہر میں اب ٹرام چلے گی

06:16 PM, 5 Jul, 2024

(ویب ڈیسک )   وزیر اعلی پنجاب نے   لبرٹی، مین مارکیٹ، منی مارکیٹ، حالی روڈ کے علاقے میں ٹرام چلانے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں۔ مریم نواز کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیاگیا،شہر کی مختلف اہم سڑکوں کو کمرشلائز کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں  ایم ایم عالم روڈ کی ری ماڈلنگ اور بیوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی جبکہ   لبرٹی، مین مارکیٹ، منی مارکیٹ، حالی روڈ کے علاقے میں ٹرام چلائی جائے گی۔ گلبرگ اور مضافاتی علاقوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا فیصلہ بھی کیاگیا،یکساں روڈ اور ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔

اجلاس میں   کریم بلاک تا موٹر وے سگنل فری کوریڈور پلان کی منظوری دی گئی، کریم بلاک تا موٹر وے چھ رویہ روڈ پر دو انڈر پاس بنیں گے۔اس کے علاوہ   لاہور کے مختلف روڈ زکی کمرشلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی۔مینار پاکستان اور چائنا سکیم کے سپورٹس کمپلیکس کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے محکمے کی ورکنگ پراجیکٹس اور کارکردگی کے بارے بریفنگ دی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے رواں مالی سال میں گزشتہ سال کی نسبت کئی گنا زائد ریونیو اکٹھا کرے گا۔ شہریوں کو رہائشی نقشوں کی منظوری کے لیے آن لائن سروس شروع کی جا رہی ہے۔ ریکارڈ کی جانچ پڑتال (سفٹنگ) کے نتیجے میں اربوں روپے مالیت کے سرکاری پلاٹ واگزار کرائے گئے ہیں۔

 وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایل ڈی اے حکام کو ریکارڈ کی سفٹنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ ایل ڈی اے سٹی کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔

مزیدخبریں