کورکمانڈر کانفرنس میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قرار دیدیا گیا

09:00 PM, 5 Jul, 2024

(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ” عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔  چند حلقوں کی جانب سے ” عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر فورم نے  تشویش کا اظہارِ  کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ   فورم نے  ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے  '' عزمِ استحکام''  کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور  انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ” عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے” عزمِ استحکام“ دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں  کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے وقت کا اہم تقاضہ ہے۔چند حلقوں کی جانب سے ” عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر فورمنے اظہارِ تشویش کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر  کے مطابق فورم نے  علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔شرکاء نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت  بھی کی۔

شرکاء نے اظہار خیال کیا کہ  عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  کانفرنس کے شرکاء نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے  ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔  سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی ۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ”پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے“  ۔

آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ ” درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔“

مزیدخبریں