’’حکومت بنا کر عوام کے بنیادی مسائل حل کریں گے‘‘
07:44 AM, 5 Jun, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آئے گی تو عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار ملے گا، ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کی پالیسیاں ناکام ہوچکیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہیں، صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ اپنی معاشی پالیسیاں عام آدمی کے ماہانہ بجٹ کو سامنے رکھ کر بناتی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ آج عمران خان کی حکومت میں پانچ افراد کے عام گھرانے کی آٹے کی ماہانہ ضروریات ساڑھے تین ہزار روپوں میں پوری ہورہی ہیں، پی پی پی دورِ حکومت میں ایک عام گھرانا اپنے بچوں کے کپڑے 600 روپوں میں خرید لیتا تھا اور آج وہ اس مد میں تین ہزار 600 روپے خرچ کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دائیں بازو کی جماعتوں کی معاشی پالیسیاں صرف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کے وعدے کو پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور میں نبھایا ہے، جب پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت تھی تو پانچ افراد کے عام گھرانے کی مہینے میں آٹے کی ضروریات ایک ہزار 975 روپوں میں پوری ہوجاتی تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی دورِ حکومت میں پانچ افراد کا ایک عام کنبہ گھر کے کرائے کی مد میں اوسطاً ساڑھے تین ہزار روپے ادا کرتا تھا اور آج 22 ہزار روپے ادا کررہا ہے، اگر عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے پی پی پی دور میں مہنگائی میں اضافہ ہوا تو اسی اعتبار سے ہم نے 59 فیصد تک عام آدمی کی آمدنی میں بھی اضافہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے وفاقی دورِ حکومت میں تنخواہوں کی مد میں 150 فیصد تک کا اضافہ کیا تاکہ عالمی اقتصادی بحران کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، پاکستان پیپلزپارٹی انشااللہ آئندہ حکومت بنا کر عوام کے بنیادی مسائل کو ہمیشہ کی طرح حل کرتی رہے گی۔