اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اردو کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے بڑا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اردو کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے نئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق وزیر اعظم کے لیے تمام تقاریب، پروگرام میں اردو زبان استعمال جائے۔
واضح رہے کہ 2015 میں اردو کو بطور سرکاری زبان نافذ کرنے کے لیے پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا۔ عدالت نے اس حکم پر فوری طور پر عمل کرنے کے لیے بھی کہا تھا۔ اس وقت چیف جسٹس جواد ایس خواجہ تھے جنھوں نے اردو زبان سے متعلق محفوظ کیا گیا فیصلہ اپنی سبکدوشی سے صرف ایک دن پہلے سنایا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 251 میں ' اُردو' کا سرکاری زبان کے طور پر نافذ کیا جانا اور قومی زبان کے ساتھ ساتھ صوبائی زبانوں کو فروغ دینا شامل ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے گئے اس فیصلہ کو انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں لکھا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس وقت کی حکومت کو فوری طور پر نفاذ حکم دیا تھا۔