ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کا کیس، سپریم کورٹ نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا

05:40 PM, 5 Jun, 2023

احمد علی
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات پر اتفاق رائے کیلئے پرامید ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جماعتوں کی سیاسی ایشو کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش قابل ستائش ہے، سیاسی ایشوز مذاکرات اور اتفاق رائے سے ہی بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہوجائیں گی، پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں نے مذاکراتی عمل پر اپنی اپنی رپورٹس جمع کرائیں۔ حکمنامے کے مطابق سعد رفیق نے بتایا کہ ایک ساتھ انتخابات کرانے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، سعد رفیق نے کہا مذاکرات جاری رہے تو تاریخ پر بھی اتفاق ہوجائے گا، شاہ محمود قریشی نے جواب میں مذاکرات میں پیشرفت پر مایوسی کا اظہار کیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کی جاتی ہے۔
مزیدخبریں