عوام ماحولیات کے تحفظ کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں: مریم نواز

09:01 AM, 5 Jun, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام ماحولیات کے تحفظ کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔

تفصیلات کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا، عوام کرہ ارض کی حفاظت کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آج سے پلاسٹک کے استعمال، پروڈکشن، فروخت اور تجارت پر پابندی عائد کر دی ہے، پلاسٹک کے استعمال سے ماحول اور انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں،    سے نو ٹو پلاسٹک   مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا اور ماحول دوست اقدامات کا فروغ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک پر پابندی کی پالیسی کو سختی سے نافذ کیا جائے گا، ہوٹلوں، ریستورانوں اور کھانے پینے کی جگہوں پر پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی ہوگی، پلاسٹک بیگ کی جگہ ماحول دوست متبادل جیسے کاٹن بیگ کو استعمال میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کی آلودگی کے مضر اثرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کررہے ہیں، فوسل فیول کے استعمال میں کمی اور قابل تجدید توانائی پر انحصار بڑھانا ہوگا، ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافے کی ایک بڑی وجہ جنگلات کی مسلسل کٹائی بھی ہے، فطرتی خوبصورتی کو محفوظ رکھنے کے لیے مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کرہ ارض کی 40 فیصد سطح ارض انحطاط کا شکار ہے، آج نہیں سوچا تو 2050 تک خشک سالی دنیا کی تین چوتھائی آبادی کوشدید متاثر کر سکتی ہے، پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات ماحولیات کے تحفظ کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، ہرفرد اپنا کردار ادا کرکے نئی نسل کے ماحولیاتی مستقبل کو یقینی بنا سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں