سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد تک اضافے کی تجویز

12:49 PM, 5 Jun, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافے کی ابتدائی تجویز پیش کی گئی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی کی موناٹائزیشن پالیسی میں 40 ہزار سے 60 ہزار روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ گریڈ 20 تک کے افسران کیلئے موناٹائزیشن 65 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 5 ہزار روپے کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

اسی طرح گریڈ 21 کے افسران کیلئے 75 ہزار روپے موناٹائزیشن پالیسی کو بڑھا کر 1 لاکھ 20 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ گریڈ 22 کے افسر کو ملنے والی موناٹائزیشن 95 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 55 ہزار روپے کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

گریڈ ایک سے 22 گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے سے تقریباً 80 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ گریڈ ایک سے گریڈ 16 اسکیل کے ملازمین کو 1800 روپے کنوینس الاؤنس اور 1500 روپے میڈیکل الاؤنس جاری ہے۔

17 اور 18 گریڈ کے افسران کو اس وقت 5000 روپے کنوینس الاؤنس مل رہا ہے۔

17 سے 18 گریڈ کیلئے بھی کنوینس الاؤنس میں 200 فیصد اضافے کی ابتدائی تجویز رکھی گئی ہے۔ ایک سے 16 اسکیل کے ملازمین کو 2021 اور 2022 میں 25 اور 15 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس ملا تھا۔

صوبوں اور وفاق کے ملازمین کا تنخواہوں میں فرق کم کرنے کیلئے ڈسپیریٹی الاؤنس جاری رکھنے کی بھی تجویز زیرغور ہے۔ 

تاہم تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی تجاویز ابتدائی مراحل میں ہیں۔ حتمی فیصلہ وزیراعظم وزارت خزانہ اور کابینہ کی مشاورت سے کریں گے۔

مزیدخبریں